موسم کی خراب صورتحال کے باعث مختلف ایئر لائنز کی متعدد ملکی و بین الاقوامی پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ فلائی جناح کی اسلام آباد سے جدہ جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی ہے۔
قومی ایئر لائن پی آئی اے کی گلگت جانے والی پرواز پی اے 201 جبکہ ایئر سیال کی سکھر جانے والی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی۔ اسی طرح قومی ایئر لائن کی سکردو جانے والی پرواز پی کے 451 اور گلگت جانے والی پرواز پی کے 603 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔بین الاقوامی پروازوں میں ارومچی، تہران اور استنبول جانے والی پروازیں بھی منسوخی کی زد میں آ گئیں۔ قطر ایئر ویز کی دوحہ جانے والی پرواز ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔
اس کے علاوہ کراچی جانے والی فلائی جناح اور ایئر سیال کی پروازوں میں بھی تاخیر رپورٹ کی گئی ہے، جبکہ ایئر سیال کی ریاض جانے والی پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔ امارات ایئر لائن کی دبئی جانے والی پرواز بھی ایک گھنٹے سے زائد تاخیر سے روانہ ہوئی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک فلائٹ آپریشن متاثر رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کے بارے میں متعلقہ ایئر لائن سے تصدیق ضرور کریں۔