نئے سال کے موقع پر سیاحوں کے رش اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مری میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت دو روز کے لیے مری مال روڈ پر صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہو گی۔
ڈی پی او مری کے مطابق یہ اقدام سیاح خاندانوں کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیچلر سیاح مری مال روڈ کے علاوہ دیگر مقامات پر سیر و تفریح کر سکتے ہیں، تاہم مال روڈ پر داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔دوسری جانب ملکہ کوہسار مری اس وقت گہرے بادلوں کی لپیٹ میں ہے، جہاں نئے سال کی خوشیاں منانے کے لیے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے 2 جنوری تک مری اور گلیات میں بارشوں اور برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
متوقع برف باری کے پیش نظر محکمہ ہائی وے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اعلیٰ حکام نے ہدایت کی ہے کہ برف ہٹانے والی مشینری اور عملہ ہمہ وقت تیار رکھا جائے تاکہ سڑکوں کو کھلا اور ٹریفک کو رواں رکھا جا سکے۔انتظامیہ نے سیاحوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔