محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے بلوچستان حکومت نے یکم سے 10 محرم الحرام تک کوئٹہ سمیت 8 اضلاع میں دفعہ 144 کے تحت سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندیاں نصیرآباد، جعفرآباد، صحبت پور، جھل مگسی، استا محمد، کچھی، سبی اور کوئٹہ میں نافذ العمل ہوں گی۔
پابندیوں کی تفصیلات:
اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی
موٹرسائیکل کی ڈبل سواری ممنوع
نفرت انگیز مواد (کتب، رسائل، سی ڈیز، کیسٹس) کی نمائش و فروخت پر پابندی
غیر متعلقہ و مشکوک افراد کا جلوسوں کے راستوں پر داخلہ ممنوع
دیواروں پر چاکنگ اور پوسٹرز لگانے پر پابندی
چھتوں و کھڑکیوں پر کھڑے ہونے کی اجازت نہیں
اشتعال انگیز مقررین، ذاکرین، علماء کا دیگر شہروں سے داخلہ بند
پانچ یا زائد افراد کے اجتماع پر مجالس اور جلوسوں کے سوا پابندی
امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں کے اطراف دکانیں، خیمے یا مکانات کرائے پر دینا ممنوع
سڑکوں پر بھیک مانگنے پر بھی مکمل پابندی
مقصد:
حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد محرم الحرام کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور بین المسالک ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے۔تمام اضلاع کی پولیس اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ دفعہ 144 کی مکمل عملداری کو یقینی بنایا جائے۔