پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند‘کوئٹہدیر، چترال، جنوبی وزیرستان میں بارش

حد نگاہ شدید متاثر ہونے پر موٹر وے کو مختلف مقامات سے بند رکھا گیا ، شہریوں کو سفر میں شدید مشکلات‘فلائٹ آپریشن بھی گھنٹوں بند رہا 
خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برفباری‘ محکمہ موسمیات   کی آئندہ دوروز میں مختلف علاقوں میں بارش ‘برفباری کی پیشگوئی
 لاہور‘پشاور(یواین پی‘آئی این پی)ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار رہا جس کی وجہ سے زمینی اور فضائی آمدورفت بھی شدید متاثر رہی ، حد نگاہ شدید متاثر ہونے پر موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند رکھا گیا ،فلائٹ آپریشن بھی گھنٹوں بند رہا اور 5پروازیںاسلام آباد اتار لی گئیں۔شدید دھند کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ۔مغربی سسٹم کے زیر اثر خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا اور دیر لوئر کے شہری علاقوں میں بارش کے باعث پہاڑوں پر ایک بار پھر برفباری ہوئی جس کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ‘ وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل، کلپانی، شاہی اور بن شاہی پر برف باری کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ،بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بارش و برف باری شروع ہوتے ہی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔برف باری شروع ہوتے ہی سیاحوں نے موسم کا لطف اٹھانے کے لیے سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا۔ بارش و برف باری کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں  ادھر چترال میں گزشتہ رات سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کالاش، لواری ٹنل روڈ، مڈک لشٹ اور گرم چشمہ ایریا میں برف پڑی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دوروز میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی  کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ اور شیخوپورہ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔ ساہیوال، فیصل آباد، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر اور اوکاڑہ میں بارش کا امکان ہے، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں دھند رہنے کی توقع ہے۔ادھر بلوچستان میں  کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، موسی خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ژوب، قلات، بارکھان، کیچ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔