لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، دھند آگئی

 قصور، سیالکوٹ ‘گوجرانوالہ‘شرقپور میں بھی بادل برس پڑے‘ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا
سکردو میں پارہ منفی 11، زیارت منفی 5  اور قلات میں منفی4ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا
    لاہور (سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ایمپریس روڈ میں  بارش ہوئی جبکہ کوپر روڈ، ریلوے سٹیشن اور مغل پورہ کے علاقوں میں بارش ہوئی۔علاوہ ازیں ڈیفنس، ساندہ‘کرشن نگر‘ملک پارک‘ پنجاب سوسائٹی، شنگھائی روڈ، کچا جیل روڈ، کوٹ لکھپت، غازی روڈ، شوکت ٹاؤن، والٹن اور مولانا شوکت علی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔بارش کے باعث سموگ کی شدت میں کمی آگئی جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا،۔بارش کے باعث لیسکو کے 280 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ پنجاب کے دیگر شہروں قصور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بھی بارش  ہوئی۔ محکمہ  مو سمیات کے  مطابق سکردو میں پارہ منفی 11، زیارت میں پارہ منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔قلات میں منفی 4 اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا  ۔اس کے علاوہ اسلام آباد اور پشاور 6 ، لاہور 9 اور کراچی میں درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔