ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ‘ برفباری‘لوگ سیاحتی مقامات پر پہنچ گئے لاہور سمیت پنجا ب میں شدید دھند

مری میں گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ، ایبٹ آباد و گردونواح، میرپور شہر و گردونواح میں بارش سے سردی بڑھ گئی
  اسلام آباد میں  بادل خوب برسے‘لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوتی رہی ‘ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری شروع ہوگئی
اسلام آباد،لاہور (آئی این پی )ملک کے مختلف مقامات پر  برفباری کے بعد عوام نے بڑی تعداد میں سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا جبکہ بارش سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ  ہوگیا ہے ۔تفصیل کے مطابق مری میں گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، ایبٹ آباد و گردونواح، میرپور شہر و گردونواح میں بارش سے سردی بڑھ گئی جبکہ اسلام آباد میں بھی بادل خوب برسے۔لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوتی رہی، سرگودھا شہر اور گردونواح میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش، خیبرپختونخوا میں بھی موسم نے انگڑائی لی جہاں پشاور میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، مردان شہر اور گردو نواح میں بھی بارش ہوئی جبکہ سوات کے بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں دوسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔اسی طرح بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری شروع ہوگئی، زیارت، چمن، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں بھی برفباری ہوئی، اس کے علاوہ پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے‘لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند رہی