حکومت کی اتحادیوں سے مشاورت مکمل ہوتے ہی اپوزیشن سے باقاعدہ مذاکرات کے لئے رابطہ ہوگا:میڈیا رپورٹس
اسلام آباد (آئی این پی )حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت ،فریقین میں بالواسطہ رابطہ ہوا ہے۔میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے نامزد اپوزیشن لیڈر اور تحفظ آئین پاکستان تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو مشترکہ دوست کے ذریعہ وفاقی وزیر کا پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی کو پیغام دیا گیا ہے کہ حکومت مذاکرات پر اپنے اتحادیوں سے مشاورت کر رہی ہے۔ یہ مشاورت مکمل ہوتے ہی اپوزیشن سے باقاعدہ مذاکرات کیلئے رابطہ ہوگا۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے لئے محمود خان اچکزئی سے رابطہ ہے اور سینئر سیاستدان کی جانب سے اسپیکر کو مطلوبہ دستاویزات فراہم کر نے کے بعد محمود اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کا مقرر کیے جانے کا نوٹیفکیشن متوقع ہے۔اس حوالے سے پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مشاورت سے لگتا ہے کہ وہ مذاکرات میں سنجیدہ ہے۔