مہنگائی کے مارے عوام کیلئے خوشخبری پٹرول74‘ڈیزل67روپے سستا مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر عوام کا شکریہ:شہبازشریف
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کر رہے ہیں، جو وعدہ قوم سے کیا تھا، الحمدللہ وہ پورا کردیا،عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے ‘مشکل صورتحال میں صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا:بیان
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی بڑی کامیابی ،ایران ، پاکستانی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان کو بے پنا عزت ملی جس پر اللہ کے حضور سربسجود ہیں، دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے
دنیا کو بتانا چاہتے ہیں سیاسی اختلافات کے علاوہ قوم متحدہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد سمجھوتے کو حتمی شکل دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا، اسحاق ڈار، محسن نقوی کا کردار بھی قابل ستائش ہے :وزیر اعظم کا قومی اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد(آئی این پی)عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی،وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے خطے میں معاشی صورت حال میں بہتری اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کر رہے ہیں، جس کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں67روپے کمی کر رہے ہیں۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ثالثی کی بدولت خطے و عالمی امن کے قیام کے بعد تیل کی قیمتوں کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا اور کہا ہے جو وعدہ قوم سے کیا تھا، الحمدللہ وہ پورا کرنے جا رہے ہیں اور یٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کی جارہی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے پر آ جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور آپ نے مشکل صورت حال میں صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا، ان مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر ہم عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بحران کے دوران وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت میں سے 129 ارب روپے استعمال کر کے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔دریں اثناء قومی اسمبلی کے جاری بجٹ اجلاس کے دوران غیر معمولی اور مثبت سیاسی پیش رفت سامنے آئی جب وزیراعظم شہباز شریف خود دو بار اپوزیشن بینچز پر پہنچ گئے۔پارلیمانی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر خان اور سابق اسپیکر اسد قیصر سے ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات کی اور وہاں کھڑے ہو کر ان کی بات سنی۔اس موقع پر اپوزیشن رہنمائو ں نے اپنے تمام تحفظات اور مطالبات براہِ راست وزیراعظم کے سامنے رکھ دئیے، جنہیں وزیراعظم نے انتہائی غور سے سنا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف بھی متحرک نظر آئے اور وزیراعظم شہباز شریف کی اپوزیشن قیادت سے اس اہم ملاقات اور مشاورت کے بعد انہوں نے بھی اپوزیشن بینچز کا رخ کیا۔ وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اپوزیشن کی اعلی قیادت کی نشستوں پر جا کر ان کے ساتھ مشاورت کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا‘ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، ایران اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ اللہ کے فضل وکرم سے پاکستان کو بے پنا عزت ملی، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی شاندار کامیابی پر اللہ کے حضور سربسجود ہیں، دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ سیاسی اختلافات کے علاوہ قوم متحدہ ہے، پاکستان کی اس اہم کامیابی پر یہ ایوان ایک متفقہ قرارداد منظور کرے، متفقہ قرار داد اتحاد اور یکجہتی کا واضح پیغام ہوگی، قومی وحدت کیلئے ہم ایک ہیں اور ہمیشہ ایک رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ امن معاہدے کے عظیم مقصد کیلئے شبانہ روز محنت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد سمجھوتے کو حتمی شکل دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا، فیلد مارشل نے عظیم مقصد کے حصول کیلئے دن رات کام کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتھک محنت،استقامت اور غیر متزلزل عزم کی وجہ سے ممکن ہوئی، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار،وزیر داخلہ محسن نقوی کا کردار بھی قابل ستائش ہے۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، صدر پزشکیان نے پاکستان کے بھرپور تعاون پر اپنی اور ایرانی قوم کی طرف سے شکریہ ادا کیا، میں نے ایرانی صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، ایرانی صدر کو بتایا کہ پوری قوم آپ کا والہانہ استقبال کرنے کیلئے تیار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ایرانی صدر نے کہا کہ وہ پاکستان آکر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کریں گے، پاکستانی وفد شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ جنگ بندی کے نتیجے میں خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی، جنگ بندی کے بعد اب تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں، سمجھوتے کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں خاچرہ خواہ کمی آچکی ہے، 3 ماہ پہلے جب جنگ چھڑی تو تیل کی قیمتوں میں انتہائی تیزی آئی۔وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا، حکومت نے اپنے وسائل سے 128 ارب روپے کی سبسڈی دی، یقین ہے تیل کی قیمتوں میں خاطرہ خواہ کمی ہوگی، صوبوں کی طرف سے وفاق کو وسائل کی فراہمی پر مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن عمل میں دوست ملکوں کا تعاون رہا، چین، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر نے امن عمل میں بھرپور کردار ادا کیا، پاکستان کو جو عظیم مرتبہ ملا یہ قوموں کو صدیوں میں نصیب ہوتا ہے،