پونچھ ہا ئوس میں بھگت سنگھ گیلری کا افتتاح کر دیا گیا

 گیلری میں تاریخی تصاویر، خطوط اور اخبارات کے تراشوں کو رکھا گیا 
لاہور (خصوصی رپورٹ)چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے گزشتہ روز پونچھ ہا ئوس میں بھگت سنگھ گیلری کا افتتاح کر دیا۔ گیلری میں تاریخی تصاویر، خطوط اور اخبارات کے تراشوں کے ذریعے بھگت سنگھ کی آزادی کیلئے جدوجہد کو نمایاں کیا گیا گیا ۔انگریز دور حکومت میں بھگت سنگھ کیخلاف بغاوت کے مقدمے کی سماعت پونچھ ہا ئو س میں کی گئی تھی۔ صنعت و تجارت اور سیاحت کے محکموں کے مابین ایک معاہدہ کے تحت سیاحوں کو پونچھ ہا ئوس تک رسائی فراہم کی جائیگی۔چیف سیکرٹری نے 1849میں تعمیر ہونے والی پونچھ ہا ئوس کی تاریخی عمارت کی تعمیر و بحالی کے کام کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا تاریخی عمارات و مقامات قومی اثاثہ ہیں اور انکا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارات کی اصل شکل میں بحالی سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ کی سربراہی میں تاریخی اہمیت کے حامل پونچھ ہا ئوس کو اسکی اصل شکل میں بحال کیا گیا ہے۔