لاہور:محکمہ سیاحت پنجاب کے سائیٹ سینگ ڈبل ڈیکر بسوں کا سال 2024 بے حد کامیاب رہا ہے، جس میں 2 نئی ایئر کنڈیشنڈ بسوں کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے بسوں کی تعداد 3 سے بڑھ کر 5 ہو گئی ہے۔
اس سال ڈبل ڈیکر بسوں نے 15 لاکھ 82 ہزار سے زائد کی آمدنی حاصل کی، جبکہ 38 ہزار 396 سیاحوں نے ان بسوں سے لاہور کے مختلف تاریخی مقامات کی سیر کی۔ڈبل ڈیکر بسوں سے 2 کروڑ 38 لاکھ 84 ہزار روپے کی آمدنی حاصل ہوئی، جو کہ 2023 کے مقابلے میں 15 لاکھ 82 ہزار 744 روپے زائد ہے۔ سال 2023 میں 36 ہزار 861 سیاحوں نے ان بسوں کی سیر کی تھی اور آمدنی 2 کروڑ 23 لاکھ روپے تھی۔اس سال ڈبل ڈیکر بسوں میں نئے روٹس بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں پونچھ ہاؤس اور لاہور سفاری زو کا نیا روٹ شامل ہے۔
پہلے بسوں کے روٹس میں اندرون شہر، گریٹر اقبال پارک، شاہی فوڈ سٹریٹ، دہلی گیٹ اور قذافی سٹیڈیم سے آزادی فلائی اوور تک شامل تھے، مگر اب میوزیم ٹور، شالامار باغ، واہگہ بارڈر اور گورنر ہاؤس کا بھی ٹور شامل کر دیا گیا ہے۔محکمہ سیاحت پنجاب نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے لاہور کی سیاحت کو مزید فروغ ملے گا اور سیاحوں کو لاہور کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کا بہتر طریقے سے احاطہ کرنے کا موقع ملے گا۔