سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کراچی کے لیے مزید الیکٹرک (ای وی) اور ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی سلیم اللہ اوڈھو اور دیگر حکام شریک تھے۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس، پنک ای وی اسکوٹیز کی تقسیم، ای وی ٹیکسی سروس اور جاری و مجوزہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت خواتین کے لیے مزید ایک ہزار پنک ای وی اسکوٹیز فراہم کرے گی، اور کراچی میں نئی ای وی اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی شامل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ کے نظام کو بڑھانے کے لیے انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت خیرپور سے روہڑی اور خیرپور سے رانی پور کے نئے روٹس اگلے ہفتے شروع ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاڑکانہ، دادو، سیہون، حیدرآباد اور سانگھڑ سمیت دیگر اضلاع میں بھی جلد انٹر سٹی بس سروس شروع کی جائے گی۔