ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے زیرِ انتظام لاہور کی ڈبل ڈیکر بس سروس نے سال 2025 میں آمدن اور سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2025 میں اس سروس کی مجموعی آمدن تقریباً 20 فیصد بڑھ کر تقریباً 3 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔اس دوران، 40 ہزار سیاحوں نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ ہے۔ ٹی ڈی سی پی کے مطابق یہ ترقی حکومتِ پنجاب کی سیاحتی پالیسی، مؤثر انتظامی اقدامات اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی نگرانی میں کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے لاہور کے تاریخی، ثقافتی اور ورثہ جاتی مقامات کو مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے منظم انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ سروس حکومتِ پنجاب کے میگنیفیسنٹ پنجاب وژن کے تحت سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اور شہریوں و سیاحوں کو لاہور کے اہم مقامات تک محفوظ اور آسان رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔ٹی ڈی سی پی کا عزم ہے کہ مستقبل میں بھی سیاحتی سہولیات میں بہتری، نئے روٹس کے اجراء اور جدید اقدامات کے ذریعے لاہور اور پورے پنجاب کو قومی و بین الاقوامی سطح پر ایک نمایاں سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔