سندھ میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا آغاز، ای وی ٹیکسی سروس اور 50 ڈبل ڈیکر بسوں کا اعلان

سندھ میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا آغاز، ای وی ٹیکسی سروس اور 50 ڈبل ڈیکر بسوں کا اعلان

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے ستمبر سے الیکٹرک (ای وی) ٹیکسی سروس شروع کرنے اور اکتوبر میں 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں کراچی لانے کا اعلان کر دیا۔

یہ فیصلے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اجلاس میں کیے گئے، جہاں مختلف جاری اور آئندہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال کے آخر سے مرحلہ وار ایک ہزار الیکٹرک بسیں سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام کا حصہ بنائی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں لاڑکانہ سے قمبر اور قمبر سے شہدادکوٹ تک پیپلز بس سروس کے نئے روٹس جلد شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس سے اندرون سندھ کے عوام کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔اجلاس کے دوران شرجیل میمن کو مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کے تمام ڈپوز کی تعمیر مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائے تاکہ منصوبے پر تیزی سے پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی ای وی ٹیکسی سروس کا باقاعدہ آغاز ستمبر میں کیا جائے گا، جبکہ 50 نئی ڈبل ڈیکر بسیں اکتوبر میں کراچی پہنچ جائیں گی، جس سے شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کا مقصد شہریوں کو جدید، محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے، جبکہ مرحلہ وار نئی الیکٹرک بسوں کی شمولیت سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق کام مکمل کیا جائے تاکہ شہری جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔