رواں سال میں گزشتہ چار سال کی نسبت پولیو کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے
اسلام آباد (یو این پی)سال2024 میں پاکستان کو پولیو فری بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا، رواں سال گزشتہ چار سال کی نسبت سب سے زیادہ 67 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے۔سال 2024 کے دوران پولیو کیسز میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا، ملک بھر کے 33 اضلاع میں 67 بچے پولیو کا شکار ہوئے، 550 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، ایک بچہ پولیو کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔رواں سال میں گزشتہ چار سال کی نسبت پولیو کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، بلوجستان کے 13 اضلاع سے 27 کیسز سامنے آئے، سندھ کے 12 اضلاع سے 19 کیسز جبکہ خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع سے 19 کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک کیس سامنے آیا۔سال 2023 میں خیبرپختونخوا سے 4 جبکہ سندھ سے 2 پولیو کیس سامنے آئے تھے، 2022 میں 20 بچے پولیو سے متاثر ہوئے تھے، 2021 میں بلوچستان میں صرف 1 بچہ پولیو کا شکار ہوا تھا، 2020 میں 84 اور 2019 میں 147 بچے پولیو سے معذور ہوئے تھے۔