خیبر پختونخوا حکومت کو گرانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا: بیرسٹرسیف

 پختونخوا میں ایک حقیقی عوامی نمائندہ حکومت موجود ،یہ فارم 47 کی طرح کوئی جعلی حکومت نہیں ہے 
پشاور( آن لائن ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو گرانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، خیبر پختونخوا میں فارم 45 کی بنیاد پر قائم ایک حقیقی عوامی نمائندہ حکومت موجود ہے، یہ فارم 47 کی طرح کوئی جعلی حکومت نہیں ہے جسے کوئی آسانی سے گرا سکے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں تمام پی ایز متحد ہے اور وزیراعلیٰ پر پورا اعتماد ہے، خیبر پختونخوا کا ہر ایم پی اے عمران خان کا سپاہی ہے اور علی امین کو عمران خان کا پورا اعتماد حاصل ہے۔12 برسوں سے عوام نے اپوزیشن جماعتوں کو بارہا مسترد کیا ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ اب اپوزیشن سازشوں کے ذریعے عوام پر مسلط ہونے کا خواب دیکھ رہی ہے، سازشیں کرنے والے خوش فہمی میں مبتلا ہیں ، اپوزیشن کو مالِ غنیمت کے طور پر کچھ نشستیں ملنے کے باوجود ان کی خواہشیں ادھوری رہیں گی۔