ویکسین ہر بچے کی بنیادی ضرورت اور والدین کی ذمہ داری ہے، صحتمند بچہ ہی تعلیم یافتہ، باصلاحیت اورخوداعتماد شہری بن سکتا ہے: ورلڈ ایمیونائزیشن ویک پر پیغام
وزیر اعلی سے ایتھوپیا کے سفیر کی ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے پر زور‘ زراعت، تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بیماریوں سے بچا ئوکا سب سے موثر ہتھیاراحتیاط، آگاہی اور ویکسی نیشن ہے۔ورلڈ ایمیونائزیشن ویک پر اپنے پیغام میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پولیو، خسرہ، ٹی بی، ہیپاٹائٹس، تشنج، نمونیا اور دیگر مہلک بیماریوں کے خلاف بھرپور ویکسی نیشن مہم جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر شہری، بالخصوص والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں، ویکسین ہر بچے کی بنیادی ضرورت اور والدین کی ذمہ داری ہے۔مریم نوازشریف نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز، ویکسی نیٹرزاور محکمہ صحت کی ویکسی نیشن ٹیمیں دن رات گھر گھر ،گلی گلی پہنچ رہی ہیں، پنجاب حکومت کی ایمیونائزیشن کیمپین ہر بچے، ہرخاندان بلکہ پورے معاشرے کے محفوظ مستقبل کیلیے ہے۔وزیراعلی کا کہنا تھا کہ پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں، صحتمند بچہ ہی تعلیم یافتہ، باصلاحیت اورخوداعتماد شہری بن سکتا ہے۔دریں اثناء مریم نواز شریف سے ایتھوپیا کے سفیر نے ملاقات کی جس میں تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے ملاقات کی، مریم نواز نے ایتھوپیا کے سفیر کا خیر مقدم کیا اور تعلقات مزید مستحکم کرنے پر زور دیا، باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران ملاقات زراعت، تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دوطرفہ مشاورت خوش آئند پیشرفت ہے، دونوں ممالک کے مابین تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔مریم نواز شریف نے ایتھوپیا سے پاکستان ڈائریکٹ فلائیٹ بحال ہونے پر مبارکباد بھی دی۔