ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کرناہوگا شہبازشریف
پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں، صحت کے تمام شعبوں بشمول انسداد پولیو میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جا رہا ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے
گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ پاک چین عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے ‘تعمیر پر عظیم دوست کے شکر گزار ہیں، نیو گوادر ایئرپورٹ کو مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کیلئے حکمت عملی بنائی جائے:اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے‘تاریخ گواہ ہے پاکستان کو بچانے کیلئے مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت اور ملکی سلامتی کو ترجیح دی‘قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔مسلم لیگ کے یوم تاسیس پرجاری پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن پاکستان کا قیام عمل میں آیا‘ایک سو اٹھارہ سال پہلے مسلم لیگ کے قیام کے بعد مسلمانوں کے نئے اور آزاد وطن کی خواہش کو مہمیز ملی، اور مسلسل جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد وطن نصیب ہوا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے‘پاکستان مسلم لیگ (ن) قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے‘تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح دی‘دریں اثناء شہباز شریف نے انسداد پولیو ٹیم سے ملاقات میں کہاپولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں، صحت کے تمام شعبوں، بشمول انسداد پولیو میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جا رہا ہے،کہ بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، پولیو ورکرز کی سکیورٹی کو کسی طور پر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین بل اینڈ میلینڈا گیٹس فانڈیشن بل گیٹس نے مجھے خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم اور اس مہم کے لئے کام کرنے والے تمام انسداد پولیو ورکرز کی شبانہ روز محنت تعریف کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بل گیٹس فانڈیشن اور تمام ملکی و بین الاقوامی شراکت داروں کے مشکور ہیں جنکی حمایت اور تعاون کی بدولت پاکستان میں صحت کے شعبے میں اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صحت کے تمام شعبوں، بشمول انسداد پولیو میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جا رہا ہے تاکہ صحت عامہ اور دیکھ بھال کی نگرانی کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق امور پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ پاک چین عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے، عالمی معیار، جدید سہولتوں سے آراستہ ایئرپورٹ کی تعمیر پر عظیم دوست کے شکر گزار ہیں۔ وزیر اعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے اور ایئرپورٹ کو مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی