لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے تحریک انصاف کے مبینہ پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے پنجاب حکومت کے اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت گھر حاصل کرنے والے خاندانوں کی لائیو ویڈیوز سامنے لے آئیں۔اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ بہت جہالت دکھا لی، اب ذرا حقیقت بھی جان لیں، یہ وہ خاندان ہیں جن کے سامنے کسی سیاسی جماعت کی تختی نہیں بلکہ ایک عام پاکستانی خاندان کا خواب حقیقت بن کر کھڑا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ صرف تحریک انصاف کے دور میں بننے والے گھر تھے تو پھر 2 لاکھ 14 ہزار 302 بلاسود قرضے کس نے جاری کیے؟ 278 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد بلاسود قرضوں کی رقم کس نے فراہم کی اور ایک لاکھ 20 ہزار 753 گھر مکمل کیسے ہوئے؟۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ 60 ہزار 464 گھر آج بھی تعمیر کے مرحلے میں ہیں، جس سے منصوبے کے جاری رہنے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے