حکومت کی ٹانگیں کھینچنے کی کوشش کی جارہی ، اپوزیشن کو بھی ملکی مسائل کے حل میںبھرپور ساتھ دیناچاہئے
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سنیئر رہنما وسابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و سینیٹر چودھری جعفراقبال نے جاری اپنے بیان میںکہاہے کہ مسلم لیگ(ن) نے تمام سیاسی جماعتوں کے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے جمہوریت کو تقویت دینے کی خاطر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کا عمل پروان چڑھاکر نئی جمہوری مثال قائم کی اور ملکی تعمیر وترقی عوامی خوشحالی کے عمل کو تیز کیاجسے خوش آئند تسلیم کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کو بھی ملکی مسائل کے حل میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیناچاہئیے۔انہوں نے کہاکہ منافرت کی سیاست سے کسی کاکوئی فائدہ نہیں ہوگا،انتشار کو پروان چڑھاناملک وقوم کے مفاد میں نہیں، پی ٹی آئی قیادت نے ہمیشہ غیر جمہوری سوچ اختیار کی ،دھاندلی کاواویلا مچا کر گزشتہ دوسالوں سے حکومت کی ٹانگیں کھیچنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انہیں ہوش کے ناخن لیناہوں گے کیونکہ ملک کسی طرح کے انتشار اور سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا،ملک میں سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آئے گا، موجودہ حالات میں سیاسی جماعتوں کو اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک کیلئے غیر معمولی فیصلے کرناہوں گے۔مسلم لیگی رہنما چودھری جعفراقبال نے مزید کہاکہ مسلم لیگ(ن) چاہتی ہے کہ ڈائیلاگ کے ذریعے سیاسی تنازعات ختم کرکے پاکستان کے مسائل کے حل کا مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیاجائے جس کیلئے تمام سیاسی جماعتیں مثبت و تعمیر سوچ کا مظاہر ہ کریں، پارٹی علاقائی ترقی اور استحکام پر یقین رکھتے ہوئے سماجی انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی سربلندی کیلئے کوشاں ہے،پارٹی قائدین نے ہرقسم کے تعصب اور نفرت کی سیاست کے خلاف علم بلند کیا اورآ ج بھی محبت و یگانگت کے قومی فلسفے کی سیاست کررہی ہے۔