متاثرہ خاندانوں کیلئے اعلان کردہ 50 لاکھ روپے ایدھی فاؤنڈیشن کو دیے جائیں گے، وزارت صحت
اسلام آباد(آن لائن)اسلام آبادکے پمز ہسپتال میں پیش آنے والے سانحہ میں جاںبحق 13بچوںکی میتیں والدین کے حوالے جبکہ ایک لاوارث بچے کی میت ایدھی فائونڈیشن کے حوالے کر دی گئی ۔جاں بحق 14 نومولود کی میتوں کی والدین حوالگی کی مزید تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس کے مطابق 13 بچوں کی میتیں والدین جبکہ ایک لاوارث میت ایدھی فاؤنڈیشن کے سپرد کی گئی۔ایک بچے کی میت والدین کی عدم دستیابی کے باعث ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کی گئی۔وزارت صحت کے مطابق متاثرہ خاندانوں کیلئے اعلان کردہ 50 لاکھ روپے ایدھی فاؤنڈیشن کو دیے جائیں گے۔ پمز ذرائع کے مطابق دو ماہ قبل 21 جون کو خاتون بچے کو جنم دے کر چھوڑ گئی تھی،بچہ 21 جون سے پمز اسپتال کی نرسری میں زیر علاج تھا، میتوں کی نشان دہی اور لواحقین کو سپرد کرنے کے وقت موجود بچہ لاوارث تھا۔ذرائع پمز انتظامیہ کے مطابق 15 سالہ نو عمر ماں بچے کی ولادت کے بعد روپوش ہو گئی، کسی نے شکایت درج نہیں کروائی، جس کے باعث ماں کو تلاش نہیں کیا گیا ،بچے کی ماں اب تک لاپتا ہے۔