شہر میں سوگ کا سماں، اہل خانہ شدت غم سے نڈھال ،بچ جانے والوں سے مل کر دھاڑیں مار کر رو پڑے
متاثرہ خاندان گھر سے ناران کاغان جانے کے لیے نکلا، راستے میں سوات جانے کا پروگرام بن گیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ سوات میں جاں بحق 8 افراد کی میتیں ڈسکہ پہنچ گئیں، میتیں پہنچنے پر گھروں میں کہرام مچ گیا۔گزشتہ روز سوات میں پیش آنے والے افسوسناک اور کربناک سانحے میں 18 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔سانحہ سوات میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 8 افراد کی میتیں ان کے شہر ڈسکہ پہنچادی گئیں، میتیں پہنچنے پر ان کے گھروں میں کہرام مچ گیا، پورے شہر میں سوگ کا سماں ہے۔متوفیان کے اہل خانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے اور بچ جانے والوں سے مل کر دھاڑیں مار کر رو پڑے، 3میتیں ڈسکہ کلاں، 3محلہ لاریاں اور 2 محمد پورہ پہنچائی گئیں، یاد رہے کہ سانحہ سوات میں بچ جانے والے11افراد بھی ڈسکہ پہنچے ہیں۔دریائے سوات پورے خاندان سمیت اٹھارہ سیاحوں کو بہا کر لے گیا تھا۔ فضاگٹ کے مقام پر لوگوں نے کنارے کھڑے ہوکر یہ سانحہ دیکھا۔ ڈیڑھ گھنٹے منہ زور موجوں کے درمیان پھنسے بچے عورتیں اور جوان مدد کا انتظارکرتے رہے۔ بے رحم موجیں ایک ایک کرکے سب کو بہا لے گئیں، گیارہ لاشیں نکال لی گئیں، پانچ کی تلاش جاری ہے، 13افراد کا تعلق ڈسکہ پانچ کا مردان سے تھا۔حادثیکے شکار خاندان کے مطابق متاثرہ خاندان گھر سے ناران کاغان جانے کے لیے نکلا، راستے میں سوات جانے کا پروگرام بن گیا۔صوبائی حکومت کی رپورٹ کے مطابق دریائے سوات کے مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 75 افراد ریلے میں پھنسے، 58 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔