بالی ووڈ کے معروف فلمساز اور میزبان کرن جوہر نے اپنے مقبول پروگرام ’کافی ود کرن‘ ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کا 9واں سیزن شو کا آخری سیزن ہوگا۔
کرن جوہر نے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کے آئندہ 10 برس فلم سازی اور مزید کہانیاں سنانے پر توجہ دینا چاہتے ہیں، اسی لیے انہوں نے بھاری دل کے ساتھ پروگرام کے اختتام کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’کافی ود کرن‘ ختم کرنے کا فیصلہ ان کے لیے جذباتی اور ذاتی نوعیت کا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ’کافی ود کرن‘ کا آغاز 2004 میں ہوا تھا اور پہلے پروگرام میں شاہ رخ خان اور کاجول بطور مہمان شریک ہوئے تھے۔ پہلے سیزن میں امیتابھ بچن اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کے ہمراہ جبکہ ایشوریا رائے فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ پروگرام میں شریک ہوئی تھیں۔شو میں معروف شخصیات کی شرکت، ان کی گفتگو، دوستی، محبت، شادی، علیحدگی اور مختلف متنازع انکشافات کے باعث ’کافی ود کرن‘ خود بھی اکثر خبروں کی زینت بنتا رہا۔’کافی ود کرن‘ کا 9واں اور آخری سیزن 14 اکتوبر 2026 کو جیو ہاٹ اسٹار پر خصوصی طور پر نشر کیا جائے گا۔