بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔
پرینیتی چوپڑا نے سشانت سنگھ راجپوت سے جڑی ایک یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے نیشنل فلم ایوارڈ جیتنے کی خبر پر سشانت بے حد خوش ہوئے تھے۔اداکارہ کے مطابق وہ سشانت سنگھ راجپوت اور رشی کپور کے ساتھ فلم ’شدھ دیسی رومانس‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں جب انہیں کرن جوہر کی جانب سے ایوارڈ جیتنے پر مبارک باد موصول ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی یہ خبر سشانت سنگھ راجپوت کو ملی، انہوں نے فلم کے سیٹ پر پول کے قریب رکھی کرسی پر کھڑے ہوکر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ نیشنل ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ کے ساتھ کام کررہے ہیں۔پرینیتی چوپڑا نے بتایا کہ اس موقع پر سشانت نے انہیں گلے لگایا تو وہ جذباتی ہوکر رونے لگی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق سشانت اگلے روز بھی فلم کے سیٹ پر سب کو یہ خبر بتاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سشانت ان کے لیے ایک اچھے دوست اور حوصلہ بڑھانے والے ساتھی تھے۔پرینیتی چوپڑا نے مزید بتایا کہ وہ دونوں فلموں سے متعلق گفتگو کے علاوہ معاشیات اور دیگر علمی موضوعات پر بھی بات چیت کرتے تھے۔ ان کے بقول دونوں ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے تھے اور ایک اور فلم میں بھی ساتھ کام کرنے والے تھے، تاہم وہ منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔