پاکستانی اداکارہ اور میزبان وینا ملک اپنے مارننگ شو کے دوران جذباتی ہوگئیں اور جسمانی ساخت پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے لائیو پروگرام میں میک اپ اتار دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
وینا ملک نے حال ہی میں نجی نیوز چینل کے مارننگ شو ’’وینا ہے نا‘‘ کے ذریعے ٹی وی اسکرین پر واپسی کی ہے۔ تاہم پروگرام شروع ہونے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر اپنی جسمانی ساخت اور وزن کے حوالے سے مختلف تنقیدی تبصروں کا سامنا کرنا پڑا۔اداکارہ نے ان تبصروں پر خاموش رہنے کے بجائے اپنے مارننگ شو میں ہی ناقدین کو جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ لائیو پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی ہیلز اتاریں اور ناظرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے میرا وزن تو دیکھ لیا ہے، اب میرا قد بھی دیکھ لیں۔اس کے بعد وینا ملک نے اپنا میک اپ بھی اتارنا شروع کر دیا اور طنزیہ انداز میں کہا کہ اب انہیں موٹی، سانولی یا بدصورت کہنا ہے تو کہہ لیں، ان کی اصل شکل پر بھی بریکنگ نیوز بنا لی جائے۔
وینا ملک کا کہنا تھا کہ انہیں لوگوں کے منفی تبصروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ اپنے اعتماد کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔ ان کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ حاصل ہوئی، جہاں ان کی ویڈیو مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کی جا رہی ہے۔دوسری جانب متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے ردعمل کو سراہتے ہوئے ان کے اعتماد اور خود کو قبول کرنے کے انداز کی تعریف کی۔ صارفین کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کی جسمانی ساخت یا ظاہری شکل کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔