بھارتی اداکار پریش راول نے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ہونے والی میڈیا کوریج پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پورے معاملے کو جس انداز میں پیش کیا گیا، وہ انہیں ایک "سرکس" محسوس ہوتا تھا۔
پریش راول نے یہ بات وکی لالوانی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران وہ زیادہ تر نیوز چینلز سے دور رہے، جس کی ایک وجہ ان کا ہائی بلڈ پریشر بھی تھا۔انٹرویو کے دوران جب میزبان نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد میڈیا کوریج کا ذکر کیا تو پریش راول نے کہا، "سشانت سنگھ کی موت پر جو میڈیا نے سرکس لگایا تھا، اس سے مجھے شدید نفرت تھی۔"اسی گفتگو میں انہوں نے سیاست چھوڑنے کی وجہ بھی بیان کی۔ پریش راول نے کہا کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں احمد آباد ایسٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ سیاست ان کے مزاج کے مطابق نہیں۔
انہوں نے کہا، "میں جھوٹ نہیں بول سکتا، اور سیاست میں رہ کر مجھے سب سے زیادہ اس بات کا خوف تھا کہ مجھے ایسے وعدے کرنے پڑیں گے جو شاید میں کبھی پورے نہ کر سکوں۔"پریش راول کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں پر محیط اداکاری کے تجربے کے بعد اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے فن پر پہلے سے زیادہ عبور حاصل کر چکے ہیں، اسی لیے انہوں نے سیاست کے بجائے اداکاری کو ہی اپنی اصل شناخت اور توجہ کا مرکز بنانے کا فیصلہ کیا۔