بالی وڈ فلم ساز انوراگ کشیپ نے حال ہی میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ فلمی منصوبوں پر اہم انکشافات کیے ہیں۔
ان کے مطابق، ان کی آنے والی فلم نشانچی کے لیے سشانت پہلی پسند تھے اور ان کے ساتھ اس پروجیکٹ کا اعلان 2016ء میں کیا گیا تھا۔تاہم، سشانت نے دھرما پروڈکشنز کے ساتھ دو بڑی فلمیں، دل بیچارہ اور ڈرائیو سائن کرنے کے بعد انوراگ کشیپ سے رابطہ ختم کر دیا، جس کے بعد فلم ساز بھی اس پروجیکٹ سے پیچھے ہٹ گئے۔انوراگ کشیپ نے یہ بھی بتایا کہ سشانت نے ان کی پروڈکشن ہاؤس کی فلم ہنسی تو پھنسی چھوڑ دی کیونکہ انہیں یش راج فلمز اور دھرما پروڈکشنز سے پیشکشیں ملی تھیں۔ انوراگ کشیپ نے واضح کیا کہ وہ سشانت کے فیصلے پر ناراض نہیں ہیں۔انوراگ کشیپ کی نئی فلم نشانچی میں وینیت کمار سنگھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ آئیشورے ٹھاکرے ڈیبیو کر رہی ہیں۔ یہ فلم 19 ستمبر کو بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
سشانت سنگھ راجپوت نے 2013ء میں فلم کائی پوچے سے بالی وڈ میں قدم رکھا اور بعد میں فلمیں جیسے شدھ دیسی رومانس، پی کے، کیدرناتھ، چھچھورے اور بایوپک ایم ایس دھونی: دی انٹولڈ اسٹوری میں کام کیا۔ انہوں نے 14 جون 2020ء کو اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے تھے۔ابتدائی طور پر ان کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا تھا، تاہم قتل کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔ تقریباً پانچ سال بعد، سی بی آئی نے حال ہی میں کلوزر رپورٹ دائر کی جس میں کہا گیا کہ الزامات کو ثابت کرنے کے لیے کوئی قابل اعتماد ثبوت نہیں ملا۔