ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان اور بنگلادیش جمعرات کو نشین میں مدمقابل ہوں گے۔
کوارٹر فائنل کی طرح اگر بارش کے باعث میچ نہ ہوسکا تو بہتر رینکنگ کی بنیاد پر پاکستان فائنل میں پہنچ جائے گا۔ تاہم میچ کے روز موسم خوشگوار اور دھوپ نکلنے کی پیش گوئی ہے، جس کے باعث مکمل مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے شروع ہوگا۔بنگلادیش حالیہ میچز میں مستقل مزاج کارکردگی کے باعث پُراعتماد ہوگا۔ اس کی بیٹنگ میں تنزید حسن اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جبکہ توحید ہردوئے بھی عمدہ فارم میں ہیں۔ لٹن داس کی قیادت میں ٹیم کو مضبوط ٹاپ آرڈر سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔پاکستان کی جانب سے کپتان صاحبزادہ فرحان اننگز کا مضبوط آغاز کرنے کی کوشش کریں گے، جبکہ حسن نواز اور عثمان خان مڈل آرڈر میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ معاذ صداقت، صائم ایوب اور عرفات منہاس بھی بیٹنگ میں مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔بولنگ کے شعبے میں بنگلادیش کو تجربہ حاصل ہے، جہاں رشاد حسین، نسوم احمد، مہدی حسن اور مصدق حسین اسپن بولنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔پاکستان کو سفیان مقیم اور ابرار احمد سے عمدہ بولنگ کی امیدیں وابستہ ہیں۔