ایشین گیمز 2026: بارش کے باعث بھارت افغانستان کوارٹر فائنل منسوخ، بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ایشین گیمز 2026: بارش کے باعث بھارت افغانستان کوارٹر فائنل منسوخ، بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ مقابلوں میں بھارت نے افغانستان کے خلاف کوارٹر فائنل کھیلے بغیر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

جاپان کے شہر نِشین میں پیر کو مسلسل بارش کے باعث کوروجی اسپورٹس پارک کا میدان کھیل کے قابل نہ ہوسکا، جس کے نتیجے میں میچ ٹاس کے بغیر ہی منسوخ کردیا گیا۔ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق ناک آؤٹ مرحلے میں بہتر رینکنگ رکھنے والی ٹیم کو اگلے مرحلے میں رسائی دی جاتی ہے۔ بھارت نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کی بنیاد پر براہ راست کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ افغانستان گروپ اے میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے کوارٹر فائنل تک پہنچا تھا۔دفاعی چیمپئن بھارت یکم اکتوبر کو سیمی فائنل کھیلے گا، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا اور نیپال کے درمیان شیڈول کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور ہانگ کانگ کا کوارٹر فائنل بھی بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔ بہتر رینکنگ کی بنیاد پر پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی مل گئی۔پاکستان یکم اکتوبر کو سیمی فائنل میں بنگلادیش اور ملائیشیا کے درمیان شیڈول کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم کے مدمقابل ہوگا۔