ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
بارش کے باعث 13 اوورز فی اننگز تک محدود میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بنگلادیش نے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے، توحید ہریدوئے 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3، عرفات منہاس نے 2 جبکہ صائم ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی 4 وکٹیں 53 رنز پر گر گئیں۔ صائم ایوب 21، معاذ صداقت 15، عثمان خان 14 جبکہ کپتان صاحبزادہ فرحان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تاہم عبدالصمد نے 30 اور حسن نواز نے 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 59 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کو 11.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کروا دیا۔پاکستان نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔