ایچی ناگویا: ایشین گیمز 2026 کے مینز ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے عمان کو 2-7 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
پول بی کے اہم میچ میں قومی ہاکی ٹیم نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مسلسل حملوں کے ذریعے عمان کی دفاعی لائن کو دباؤ میں رکھا۔پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف نے 34ویں، 44ویں اور 59ویں منٹ میں گول کرکے شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی۔سفیان خان نے 22ویں اور 28ویں منٹ میں پینلٹی کارنرز پر دو گول اسکور کیے، جبکہ غضنفر علی نے 40ویں اور محمد عماد نے 46ویں منٹ میں ایک ایک گول کرکے پاکستان کی برتری مستحکم کی۔عمان کی جانب سے البراء النوفلی اور مدیت ایمن نے ایک ایک گول اسکور کیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم سیمی فائنل میں بھی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔