صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں فالج کے مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی کے لیے سٹروک سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب بھر میں 40 پرائمری سٹروک سینٹرز مکمل طور پر فعال ہوچکے ہیں، جبکہ مزید 17 سینٹرز کو دسمبر تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سرکاری بریفنگ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے سٹروک پروگرام کے تحت اب تک 336 فالج کے مریضوں کو بروقت علاج فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 40 فعال سٹروک سینٹرز میں تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ موجود ہے، جبکہ فالج کے مریضوں کے فوری علاج کے لیے 710 ٹی این کے انجیکشن بھی دستیاب ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سٹروک سینٹرز کے قیام کا مقصد فالج کے مریضوں کو بروقت اور ضروری علاج ان کے قریبی علاقوں میں فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
سرکاری بریفنگ کے مطابق رواں سال راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، نشتر ٹو ملتان اور ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں نیورو اینجیوگرافی سوئٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور ٹیسٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں اور صوبائی حکومت صحت کے شعبے میں مختلف اقدامات کر رہی ہے۔