مریم نواز نے ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹرز قائم کرنے کی منظوری دے دی

مریم نواز نے ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹرز قائم کرنے کی منظوری دے دی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فالج (سٹروک) کے علاج اور مریضوں کی فوری نگہداشت کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی کا اعلان کیا ہے۔

 اس کے تحت ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹر قائم کیے جائیں گے جبکہ ہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال میں نیورالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ تعینات کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ضلعی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز فالج کے مریضوں کے علاج کے لیے اسپیشلسٹ اور کنسلٹنٹ سے ٹیلی فونک رابطہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود فالج کے علاج کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم کی قیادت کریں گی اور فالج کے علاج میں گولڈن آورز کی اہمیت کو اجاگر کریں گی۔مریم نواز نے مزید ہدایت کی کہ ہر ضلع میں ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کو فوری طور پر تین ماہ کی سٹروک مینجمنٹ ٹریننگ دی جائے، اور ریسکیورز کو بھی اسی حوالے سے تربیت فراہم کی جائے۔ انہوں نے پنجاب کے ہر چلڈرن ہسپتال میں سٹروک مینجمنٹ سینٹر قائم کرنے کی بھی ہدایت دی، تاکہ مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہر جانے کی ضرورت نہ پڑے۔خصوصی اجلاس کے دوران پمز کے نیورالوجسٹ ڈاکٹر قاسم بشیر نے سٹروک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی اور بتایا کہ 25 سال سے زائد العمر افراد میں ہر 4 میں سے ایک شخص کو فالج کا خطرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پری ہاسپٹل، ہاسپٹل اور پوسٹ ہاسپٹل کیئر کے لیے عوامی آگاہی اور مناسب ٹریننگ لازمی ہے۔وزیراعلیٰ کے اس اقدام کا مقصد فالج کے فوری علاج اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانا اور ہر ضلع میں اسپیشلسٹ سہولیات کے ذریعے علاج کو مقامی سطح پر دستیاب بنانا ہے۔