اسلام آباد پولیس کا جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر فعال، محسن نقوی نے افتتاح کردیا

اسلام آباد پولیس کا جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر فعال، محسن نقوی نے افتتاح کردیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔

نئے سینٹر کے فعال ہونے کے بعد آئی جی اسلام آباد اپنے دفتر سے سیف سٹی، پولیس آپریشنز اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو براہ راست مانیٹر اور کمانڈ کرسکیں گے۔افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جدید سینٹر سے اسلام آباد پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ، کوآرڈینیشن اور فوری فیصلہ سازی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ سیف سٹی سمیت پولیس کے تمام اہم آپریشنل نظام کو ایک مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول پلیٹ فارم سے منسلک کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی یا سکیورٹی صورتحال میں آئی جی اسلام آباد براہ راست صورتحال کی نگرانی کرتے ہوئے فوری احکامات جاری کرسکیں گے۔ جدید اے آئی اور ٹیکنالوجی بیسڈ سسٹمز کے ذریعے پولیس کی کارکردگی، رسپانس ٹائم اور فیلڈ فورس کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوگی۔محسن نقوی نے سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جدید مانیٹرنگ و کمانڈ سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہیں سیف سٹی سے مربوط نظام، پولیس آپریشنز، فیلڈ فورس کی نگرانی، ایمرجنسی رسپانس اور جدید اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نئے سینٹر کا بنیادی مقصد آئی جی اسلام آباد کو ایک ہی مقام سے پوری اسلام آباد پولیس کی مؤثر کمانڈ اور مانیٹرنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ جدید نظام سے پولیس کے مختلف یونٹس کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن بھی مزید بہتر ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی بھی واقعے یا ہنگامی صورتحال میں بروقت معلومات، فوری فیصلہ سازی اور تیز رفتار پولیس رسپانس ممکن ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا جبکہ فیلڈ میں پولیس کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی بھی ممکن ہوگی۔محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ، پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور اسلام آباد میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔تقریب میں آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔