وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے، جس میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کا کسان بجٹ ریلیف کے لحاظ سے نمایاں ہے، جبکہ ترقیاتی بجٹ صرف کاغذوں تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر زمین پر نظر آ رہا ہے۔عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب حکومت اپنے وسائل سے تمام ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اپنی چھت اپنا گھر”، “ستھرا پنجاب”، “آسان کاروبار” سمیت تمام بڑے منصوبے بدستور جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک بسوں کا نیٹ ورک صوبے کی 147 تحصیلوں تک پھیلایا جائے گا، جس سے عوام کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقی کا سفر اٹک سے وہاڑی اور رحیم یار خان تک پہنچ چکا ہے اور تمام اضلاع میں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں دو سال کے دوران گزشتہ ادوار کی محرومیوں کا ازالہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی شعبدہ بازی اور دھرنوں کی سیاست کے مقابلے میں خدمت کی سیاست کو عوامی پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور موجودہ حکومت کی کارکردگی کے باعث وزیراعلیٰ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔