یمن میں حوثی حملوں کے دوران سفارتی رابطہ، سعودی ولی عہد اور اماراتی نائب صدر کی ملاقات

یمن میں حوثی حملوں کے دوران سفارتی رابطہ، سعودی ولی عہد اور اماراتی نائب صدر کی ملاقات

سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ منصور بن زاید آل نہیان کے درمیان ریاض میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شیخ منصور بن زاید نے 29 ستمبر کو ریاض میں شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بھی شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات اور علاقائی پیش رفت کا جائزہ لیا۔رائٹرز کے مطابق شیخ منصور بن زاید کا یہ دورہ گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد کسی اعلیٰ سطح کے اماراتی عہدیدار کا سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔ ان کا دورہ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی دعوت پر ہوا۔دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ عرصے میں بالخصوص یمن کے معاملے پر اختلافات نمایاں ہوئے تھے۔ رائٹرز کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یمن میں مختلف فریقوں کی حمایت کے باعث اختلافات کا شکار ہوئے، جبکہ متحدہ عرب امارات نے یمن سے اپنی فورسز واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔رواں سال جولائی میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کی جانب سے دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تاریخی و برادرانہ روابط کے حوالے سے بیانات بھی سامنے آئے تھے۔

ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سعودی عرب کو یمن میں حوثی حملوں سمیت علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس سے قبل پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے فوجی سربراہان نے بھی ریاض میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون کے امور پر بات چیت کی تھی۔تاہم سعودی اور اماراتی حکام کی جانب سے اس ملاقات کے بعد کسی نئے باقاعدہ معاہدے یا کسی مکمل مفاہمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔ سرکاری بیانات میں ملاقات کو دوطرفہ تعلقات اور علاقائی پیش رفت پر تبادلے تک محدود رکھا گیا ہے۔