سعودی ولی عہد اور اماراتی صدر کے درمیان اہم ٹیلیفونک گفتگو

سعودی ولی عہد اور اماراتی صدر کے درمیان اہم ٹیلیفونک گفتگو

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور  اماراتی صدر شیخ محمد بن زايد النہیان  کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی صورتحال، سلامتی اور دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ حالات میں سفارتی روابط اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی، جن میں معاشی شراکت داری، ترقیاتی منصوبے اور باہمی سرمایہ کاری کے امکانات شامل تھے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات  کی قیادت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا ضروری ہے، تاکہ موجودہ جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خلیجی خطے میں سیکیورٹی صورتحال اور عالمی سطح پر سیاسی تناؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث علاقائی طاقتیں اپنی سفارتی ہم آہنگی مزید مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔