وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ریاض میں ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے شعبوں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، اور ملاقات میں توانائی، تجارت اور نئے منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود بھی شریک تھے، اور یہ ملاقات ریاض میں ہونے والی فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس کے دوران ہوئی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
وزیرِ اعظم شہبازشریف سعودی عرب کے دورے پر ہیں، جہاں وہ اس کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ استقبال کے دوران نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمٰن، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیرِ اعظم کا خیرمقدم کیا۔ وفد میں شامل دیگر اہم شخصیات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، اور معاونین خصوصی بھی شامل ہیں۔