اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے بحیرہ احمر میں سعودی تیل بردار جہازوں پر یمنی حوثی ملیشیا کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران حوثی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی، سمندری آمدورفت کی آزادی کے لیے خطرہ اور خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرنے کا باعث بنتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستانی عوام سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد نے بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز اور وسیع تر خطے میں قانونی سمندری تجارت اور بحری آمدورفت کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قائم مضبوط برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو درپیش خطرات کے باعث عالمی سطح پر تشویش بڑھ رہی ہے، جبکہ مختلف ممالک سمندری راستوں کے تحفظ اور علاقائی استحکام کے لیے اقدامات پر زور دے رہے ہیں۔