متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ابوظبی میں ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی اور عسکری صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ کشیدہ حالات کا جائزہ لیا اور ایرانی حملوں کی بھی مذمت کی۔ اس موقع پر باہمی تعاون اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔یوکرین کے صدر زیلنسکی سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کے بعد ابوظبی پہنچے تھے، جہاں انہوں نے اماراتی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ بعد ازاں انہوں نے یوکرینی ماہرین سے بھی ملاقات کی اور قومی دفاعی ماہرین کی خدمات کو سراہا۔ملاقات میں متحدہ عرب امارات کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے اور اماراتی ایئر اسپیس کو محفوظ بنانے کے لیے نئی حکمتِ عملی اپنانے پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔