ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری، شکایات پر فوری احکامات

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کی کھلی کچہری میں شہریوں اور خواتین نے مختلف مسائل اور شکایات پیش کیں، جن پر انہوں نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو فوری کارروائی اور مسائل کے حل کے احکامات جاری کردیے۔چار ماہ قبل شادی ہونے والی خاتون نے شوہر کی جانب سے سونا لے کر فرار ہونے کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او بادامی باغ کو خاتون کا سونا سات روز کے اندر واپس دلوانے کی ہدایت کی۔ ایک شہری نے مقدمہ درج ہونے کے باوجود موٹرسائیکل برآمد نہ ہونے کی شکایت کی، جس پر ایس ایچ او گڑھی شاہو کو موٹرسائیکل تلاش کرنے کا حکم دیا گیا۔ایک خاتون نے شوہر کی وفات کے بعد دوسری بیوی کے بچوں پر تشدد کا الزام عائد کیا، جس پر ایس ایچ او باغبانپورہ کو معاملہ حل کروانے کی ہدایت کی گئی۔ مقدمے سے دستبرداری کے لیے دھمکیاں ملنے کی شکایت پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او بادامی باغ کو شہری کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا۔