والدین پر مبینہ تشدد، ایس ایچ او مغل پور ہ کو سخت کارروائی کی ہدایت کردی
پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایات پر انکوائریاں، متعلقہ افسران سے رپورٹس طلب
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی شکایات براہِ راست سنیں اور متعلقہ افسران کو شکایات کے مکمل جائزے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایات جاری کر دیں۔کھلی کچہری میں ایک شہری نے اپنے سگے بیٹوں اور بہو ئوں کی جانب سے بوڑھے والد پر مبینہ تشدد کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے والدین پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے ایس ایچ او مغلپورہ کو ہدایات جاری کیں۔لین دین کے فراڈ سے متعلق شکایات پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو کارروائی، جبکہ وراثتی جائیداد اور جعلی ڈگری سے متعلق درخواستوں پر انکوائریاں مارک کر دی گئیں۔ سود خوری کی شکایات پر ایس ایچ اوز باغبانپورہ اور لاری اڈا کو کارروائی کا حکم دیا گیا۔پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایات پر بھی انکوائریاں مارک کرکے ایس پی اقبال ٹا ئون اور ایس ڈی پی شاہدرہ سے رپورٹس طلب کر لی گئیں۔ آبائی قبرستان پر مبینہ قبضے کی شکایت پر ایس ایچ او نواب ٹا ئون کو کارروائی، جبکہ اقدام قتل کے مقدمے کے مدعی کو دستبرداری کے لیے دھمکیوں کی شکایت پر تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ اولین ترجیح ہے، والدین پر تشدد سمیت ہر شکایت پر قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔