ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری شکایات پر فوری احکامات

 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے روزانہ کی بنیاد پر منعقد ہونے والی کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے ویڈیو لنک کے ذریعے متعلقہ پولیس افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ کھلی کچہری میں دھمکیوں، وراثتی جائیداد، جھگڑوں، فراڈ، چیک تنازعات اور دیگر معاملات سے متعلق درخواستیں پیش کی گئیں۔ مشترکہ کاروبار میں سرمایہ کاری کے باوجود منافع نہ ملنے کی شکایت پر ایس ایچ او شیراکوٹ کو فریقین میں مصالحت کرانے، پولیس اہلکاروں کے خلاف شکایت پر ایس ڈی پی او شاد باغ کو انکوائری، پلاٹ کی بقایا رقم کی ادائیگی کے تنازع پر ایس ایچ او سندر کو معاملہ حل کرانے اور خاتون کی رقم خردبرد ہونے کی شکایت پر ایس ایچ او شالیمار کو فریقین کو سن کر کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ محلہ دار کی ہلڑ بازی کی شکایت پر ایس ایچ او گجرپورہ کو قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا گیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کو بروقت اور شفاف انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔