ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری شکایات پر فوری کارروائی

 کرایہ داری، گروی اور کاروباری فراڈ کے متاثرین نے مسائل پیش کیے 
 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی کھلی کچہری میں شہریوں نے کرایہ داری، گروی اور کاروباری فراڈ سے متعلق شکایات پیش کیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں، خواتین پر تشدد کے واقعات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور شہریوں کا اعتماد ہماری اولین ترجیح ہے، کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو براہ راست شنوائی اور فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ تھانوں میں شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ تمام ایس ایچ اوز روزانہ سہ پہر 3 سے 5 بجے تک تھانوں میں موجود رہیں گے، جبکہ تھانوں میں داد رسی نہ ہونے کی صورت میں شہری دوپہر 1 سے 3 بجے تک ان کے دفتر آ سکتے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا حل اور انہیں انصاف کی فراہمی لاہور پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔