ڈولفن سکواڈ کی کارروائی، مالی جرائم میں مطلوب8 اشتہاری گرفتار

 لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ نے بین الاضلاعی اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے راولپنڈی، پاکپتن، وہاڑی، گوجرانوالہ اور لاہور پولیس کو مالی جرائم میں مطلوب 8 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان کو سٹاپ اینڈ سرچ کے دوران ای پولیس ایپ کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف چکلالہ، سول لائنز گوجرانوالہ، فریدنگر، ماڈل ٹا ئون وہاڑی اور لاہور میں مقدمات درج ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان دھوکہ دہی، جعلی چیک اور فراڈ کے ذریعے شہریوں سے رقوم ہتھیانے میں ملوث تھے اور گرفتاری سے بچنے کے لیے پانچ سال سے روپوش تھے۔ گرفتار ملزمان میں حماد، عمران، فراز، ابوبکر، سلامت سمیت دیگر شامل ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ جعلی چیک اور فراڈ کے ذریعے شہریوں کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔