ڈولفن سکواڈ :پچھلے سال سنگین جرائم کے 20ہزا رملزم گرفتار

ڈکیتی میں ملوث 438 گینگز کے علاوہ 160 چور بھی قانون کی گرفت میں آئے
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) نے سال 2025 کی مجموعی کارکردگی کے اعدادوشمار جاری کر دیے، جن کے مطابق شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور فوری ریسپانس کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو نے سال 2025 کے دوران ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر موصول ہونے والی 5943 درست کالز پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو ریسکیو کیا۔ سٹاپ اینڈ سرچ مہم کے دوران 1 کروڑ 48 لاکھ 39 ہزار 26 مشکوک افراد اور 1 کروڑ 21 لاکھ 72 ہزار 881 گاڑیوں و موٹر سائیکلز کو چیک کیا گیا۔پٹرولنگ کے دوران ڈولفن اور پی آر یو نے 86 سٹریٹ کریمنلز سمیت سنگین جرائم میں ملوث 20 ہزار 468 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ڈکیتی، چوری اور راہزنی میں ملوث 438 گینگز کے علاوہ 160 چور بھی قانون کی گرفت میں آئے۔ سال 2025 کے دوران 3 پولیس مقابلے ہوئے جن میں خطرناک ڈاکوئوں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ برس پولیس مقابلوں میں ڈولفن کے جوان شہید بھی ہوئے جبکہ ڈاکوئوں سے مڈبھیڑ کے دوران 67 سے زائد اہلکار زخمی ہوئے۔