مہنگائی کا نیا وار: سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

مہنگائی کا نیا وار: سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

لاہور  کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتیں سرکاری نرخ نامے سے کہیں زیادہ وصول کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، مختلف سبزیاں مقررہ سرکاری قیمت سے 20 سے 70 روپے تک مہنگی فروخت کی جا رہی ہیں۔

مارکیٹ میں نیا کچا آلو درجہ اول سرکاری قیمت 30 روپے کے بجائے 50 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے، جبکہ پیاز 175 روپے کے بجائے 220 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔درجہ اول ٹماٹر کی سرکاری قیمت 150 روپے مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں ٹماٹر 220 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔ کریلا 205 کے بجائے 230 روپے، شملہ مرچ 280 کے بجائے 300 روپے اور سبز مرچ 150 کے بجائے 170 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔اسی طرح بند گوبھی کی سرکاری قیمت 140 روپے کے مقابلے میں 160 روپے جبکہ پھول گوبھی 180 روپے کے بجائے 190 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامہ جاری ہونے کے باوجود سبزی فروش من مانے دام وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی سبزیاں خریدنا ان کے لیے مزید مہنگا ہوگیا ہے۔