ٹماٹر کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سرکاری نرخ 175 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں، مگر بازار میں یہ 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
انتظامیہ کی غفلت اور عدم نگرانی کے سبب مارکیٹ میں ٹماٹر کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ نہ صرف قیمتیں ناقابلِ برداشت ہو چکی ہیں بلکہ کئی مقامات پر ٹماٹر دستیاب ہی نہیں، جس کے باعث خریدار خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں خود منڈی سے ٹماٹر مہنگے داموں خریدنا پڑ رہا ہے، جس کے باعث وہ مجبوراً مہنگے داموں بیچ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک منڈی کی قیمتیں کنٹرول نہیں ہوتیں، ریٹیل قیمتیں کم نہیں ہو سکتیں۔