اوپن مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی، مہنگائی کا طوفان جاری

اوپن مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی، مہنگائی کا طوفان جاری

شہر میں سبزیوں کی سرکاری قیمتوں اور اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے والی قیمتوں کے درمیان واضح فرق برقرار ہے، جس کے سبب شہریوں کو سرکاری نرخ سے زیادہ قیمتوں پر سبزیاں خریدنی پڑ رہی ہیں۔

 مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتیں من مانی طریقے سے بڑھائی جا رہی ہیں، جس سے عوام کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔مثال کے طور پر، نیا کچا آلو درجہ اول کی سرکاری قیمت 35 روپے فی کلو ہے، مگر اوپن مارکیٹ میں یہ 60 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کی سرکاری قیمت 205 روپے مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 250 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 190 روپے فی کلو ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 250 روپے تک پہنچ چکی ہے۔اسی طرح، کریلا کی سرکاری قیمت 110 روپے ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 130 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ شملہ مرچ 260 روپے کے بجائے 300 روپے فی کلو میں، اور سبز مرچ 100 روپے کی بجائے 130 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ بند گوبھی کی سرکاری قیمت 140 روپے ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 180 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ پھول گوبھی بھی سرکاری نرخ 140 روپے کے مقابلے میں 160 روپے فی کلو میں مل رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامہ موجود ہونے کے باوجود سبزی فروش من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس کے سبب انہیں اضافی رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر سبزیوں کی فروخت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔