پاکستان میں گوشت کی قیمتیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں، جس کے باعث متوسط طبقہ کی قوت خرید پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔
حالیہ اطلاعات کے مطابق، چکن کے برائلر گوشت کی قیمت میں 15 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی قیمت فی کلوگرام 548 روپے تک پہنچ گئی ہے۔زرائع کے مطابق، زندہ برائلر فارم ریٹ 350 روپے فی کلو، تھوک قیمت 364 روپے، اور پرچون قیمت 378 روپے فی کلو ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ، مٹن کی قیمت 2700 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے، اور بیف کی قیمت 1200 سے 1400 روپے کے درمیان فروخت ہو رہی ہے۔
مزید برآں، گوشت کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ بعض شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ مٹن میں پانی ملانے کا عمل بھی کیا جا رہا ہے، جس سے گوشت کی معیاریت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ یہ صورت حال عوامی سطح پر تشویش کا سبب بن گئی ہے کیونکہ روزمرہ کی ضروریات کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، اور متوسط طبقہ کے لیے ان کی خریداری مشکل ہوتی جا رہی ہے۔