بورڈامتحانات میں نقل کی روک تھام، ڈیٹا نادرا ویریفائی کرے گا

 لاہو بورڈ اور نادرا  میںباضابطہ معاہدہ ، رجسٹریشن کے وقت تصدیق کی جائے گی
   اسناد پر تاریخِ پیدائش اور نام کی تصحیح کیلئے طالب علموں کوخوار نہیں ہونا پڑے گا:چیئرمین بورڈ
 لاہور (زیڈ این این)بورڈ امتحانات میں بوگس امیدواروں اور نقل کی روک تھام کے لیے ایک بڑا اقدام سامنے آیا ہے، جس کے تحت اب تمام امیدواروں کا ڈیٹا نادرا (NADRA) سے برائے راست ویریفائی کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں لاہور تعلیمی بورڈ اور نادرا کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔معاہدے کے تحت طلباء کی رجسٹریشن کے وقت ہی نادرا کے ذریعے آن لائن تصدیق مکمل کی جائے گی۔ چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر بدر السلام کے مطابق اس جدید نظام کے عمل میں آنے کے بعد اسناد پر تاریخِ پیدائش اور نام کی تصحیح کے لیے طالب علموں کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور خوار نہیں ہونا پڑے گا۔چیئرمین بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ نادرا سے بائیومیٹرک و ڈیٹا ویریفکیشن کے بعد کسی بھی دوسرے شخص یا جعلی امیدوار کے لیے امتحان میں بیٹھنا ناممکن ہو جائے گا۔ بورڈ حکام نے واضح کیا کہ پورٹل پر نادرا سے مکمل تصدیق شدہ ڈیٹا درج ہونے کے بعد ہی امیدوار کو امتحانی مرکز میں داخلے اور امتحان دینے کی اجازت دی جائے گی۔